ہبلی:28/ستمبر (ایس اؤنیوز)ملک کی معیشت تباہ وبربادی کی کگار پر ہے،موجودہ معاشی صورت حال کافی تشویش ناک ہے، اس طرح کے حالات پیدا ہونے کے لئے راست طورپر وزیر اعظم نریندر مودی ذمہ دارہونے کا ملک کے سابق وزیراعظم اور جے ڈی ایس کے سپریمو ایچ ڈی دیوے گوڈا نے الزام عائد کیا۔
ہبلی میں جے ڈی ایس کارکن سدلنگیا کے تہنیتی پروگرام میں شرکت کے لئے پہنچے دیوے گوڈااخبار نویسوں سے گفتگوکرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے ملک کی معاشی صورت حال کی برباد ی کولے کر بی جے پی لیڈر ، سابقہ وزیر خزانہ یشونت سنہا کے آرٹیکل پر کہا کہ یشونت سنہا اس سے قبل چندرشیکھر اور اٹل بہاری واجپئی کی کابینہ میں وزیر خزانہ رہ چکے ہیں وہ اس میدان کے ماہر ہیں ان کی باتیں نظر انداز نہیں کی جاسکتیں۔ دیوے گوڈا نے کہاکہ یشونت سنہا سے قبل بی جےپی کے ہی سبرامنیا سوامی نے بھی ملک کی معاشی ابتری کو لے کر چوکنا کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی باصلاحیت ہونے کے باوجود اہم فیصلوں کے وقت پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لے رہے ہیں اور نہ ہی معاشی ماہرین کی رائے و مشوروں کو ترجیح دے رہے ہیں ، جس کا نتیجہ آج سب کے سامنے ہے ، نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی وجہ سے چھوٹے صنعت کاروں، کسانوں ، گوالوں پر بہت برے اثرات ہوئے ہیں، کل ملا کر دیش کی معیشت میں کوئی سدھار کے آثار نہیں ہونے کی بات کہی۔
بنگلورو کے بی بی ایم پی میئر عہدے کے لئے کانگریس کی حمایت کئے جانے پر دیوے گوڈا نے کہاکہ سکیولر اقدارکو تحفظ بخشنے کے لئے بی بی ایم پی میں کانگریس کی حمایت کی گئی ہے، اس کے علاوہ اور کوئی دوسرا مقصد نہیں ہے ۔ پہلے سے ہی شرط لگائی گئی تھی کہ دو سال کے بعد میئر کا عہدہ کانگریس کو دیا جائے گا اس کے مطابق عہدہ انہیں سونپا گیا ہے، لیکن اس بات کو لے کر کوئی تحریری معاہدہ نہیں ہواتھا۔
سابق وزیرا عظم نے اگلے ودھان سبھا انتخابات میں جے ڈی ایس اپنے طورپر تنہا انتخابات لڑنے کی بات کہتے ہوئے کہاکہ ہم کسی سے بھی محاذ نہیں کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے ریاست گوا میں کنڑیگاس پر کئے جارہے ظلم و ہراسانی کی سخت مذمت کی ۔ اور ریاستی وزیراعلیٰ سدرامیا کی حکومت کی کارکردگی پر بے اطمینانی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سب کچھ کام ہونے کے باوجود بھی کسان کیوں خود کشی کررہے ہیں غورکرنے کی بات ہے۔ وزیراعلیٰ جھوٹ بول رہے ہیں ہم اگلے انتخابات میں سرکاری ناکامی کو موضوع بنانے کی عندیہ دیا۔